ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی کے دور اقتدار میں ہندوستان بیف ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا ہے، انسداد گؤکشی بل کو کونسل میں پیش ہونے نہیں دیا: بی ایم فاروق

مودی کے دور اقتدار میں ہندوستان بیف ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا ہے، انسداد گؤکشی بل کو کونسل میں پیش ہونے نہیں دیا: بی ایم فاروق

Fri, 11 Dec 2020 20:16:47    S.O. News Service

بنگلورو،11؍دسمبر(ایس او نیوز) جے ڈی ایس کے رکن قانون ساز کونسل بی ایم فاروق نے انسداد گؤکشی بل کی اسمبلی میں منظوری کی سخت الفاظ میں مخالفت کی ہے۔کونسل لاؤنج میں آج نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڈا اور ریاستی صدر ایچ ڈی کمارسوامی نے جے ڈی ایس کے تمام اراکین کونسل کو ہدایت دی ہے کہ وہ کونسل میں اس بل کی سخت مخالفت کریں اور ضرورت پڑنے پر احتجاج بھی کریں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کسانوں سے ہمدردی کرنے والے دیوے گوڈا اور کمارسوامی نے کسان برادری کے مخالف قانون کرناٹک لینڈ ریفارمس ترمیمی بل کی کونسل میں حمایت کرنے پارٹی اراکین کو ہدایت کیوں دی؟

اس پر جواب دیتے ہوئے فاروق نے دعویٰ کیا کہ کسانوں کے مفادات کو نظر میں رکھ کر پارٹی نے اس بل کی مشروط حمایت کی ہے۔کسان اپنی خشک زمین کا کنورشن کروانا چاہتے ہیں تو متعلقہ محکمہ کے افسروں کو لاکھوں روپئے رشوت دینی پڑے گی۔ اگر کسانوں کو رشوت کے بغیر اسی زمین کی اچھی قیمت مل رہی ہے تو اس میں برائی کیا ہے۔کسان اپنی زرخیز زمین کبھی فروخت نہیں کریں گے۔

انہو ں نے مزید کہا کہ دفعہ 79ایکے تحت جس شخص کی سالانہ آمدنی25لاکھ روپئے سے کم ہے وہی کسانوں سے زمین خرید سکتے ہیں۔اس قانون کی رو سے کسانوں کا نقصان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد گؤکشی بل کے معاملہ میں ہماری پارٹی کانگریس کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ اگر یہ بل کونسل میں پیش کیا گیا تو کونسل میں دونوں پارٹیوں کی اکثریت ہے، ہم بل کو منظور ہونے نہیں دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ بیف معاشی کمزور لوگوں کی مرغوب غذا ہے۔یہ قانون نافذ کردیاگیا تو لوگوں کو ان کی پسند کی غذا کے حق سے محروم کردیا جائے گا۔ جو بڑے جانور عمر ہونے کی وجہ سے زراعت کے کام میں نہیں آتے، ایسے جانور رکھ کر غریب کسان ان کی دیک بھال کیسے کریں گے؟ کسانوں پر یہ بوجھ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ہندوستان بیف ایکسپورٹ کرنے والی چار بڑی کمپنیوں کے مالکان غیر مسلم ہیں

(1) عربین ایکسپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، مالک: سنیل کپور، مقام رشین مینشن،اوور سیز ممبئی۔

(2) 400001 ایم کے آر فروزن فوڈ ایکسپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، مالک: مدن ابوٹ

(3) پی ایم ایل انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ، مالک: اے ایس بندرا۔

فاروق نے بتایا کہ 2020 میں دنیا بھر میں برازیل سب سے زیادہ بیف ایکسپورٹ کرتا ہے۔اس کے بعد ہندوستان کا نمبر ہے۔ آسٹریلیا اور امریکہ کا تیسرا اور چوتھا نمبر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 2020 میں چار ممالک نے ایک ملین میٹرک ٹن سے بھی زیادہ بیف ایکسپورٹ کیا ہے۔برازیل، انڈیا آسٹریلیا اور امریکہ۔ یہ ممالک دنیا کا 63فیصد بیف ایکسپورٹ کرتے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کے دوراقتدار ملک میں ہندوتوا کو جہاں فروغ دیا گیا، وہیں انہیں کے دور اقتدار میں بیف کے ایکسپورٹ میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور یہاں ملک میں ایک کے بعد دیگر ریاست میں بیف پر پابندی عائد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس کو کمزور طبقات، دلت اور عیسائی طبقہ قبول نہیں کرے گا۔ سب جانتے ہیں کہ اس ملک میں بیف کا استعمال مسلمانوں سے زیادہ دیگر طبقات کرتے ہیں اور بدنام مسلمانوں کو کیا جاتا ہے۔ اتفاق سے اس تجارت میں چند مسلمان بھی ضرور ہیں۔ذرائع کے مطابق کل شام ہی سے بی ایم فاروق نے ان تمام تفصیلات پر مبنی تحریری ودستاویزات کانگریس اور جے ڈی ایس کے لجس لیٹرس میں تقسیم کرکے اس بل کی مخالفت میں ایک حکمت عملی تیار کی تھی۔


Share: